Tuesday 22 November 2022

عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس: ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کا بیان قلمبند

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان ( Imran Khan ) کیخلاف توشہ خانہ کیس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وقاص ملک کا بیان قلمبند کرلیا گیا ہے، جب کہ کیس کی مزید سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔ توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی کے ریفرنس کا آج بروز منگل 22 نومبر کو اسلام آباد کی عدالت میں آغاز ہوا۔ آج ہونے والے ٹرائل میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وقاص ملک اور وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وقاص ملک نے اپنا بیان قلمبند کرایا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹرائل کورٹ میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وقاص ملک کی جانب سے قلمبند کرائے گئے بیان میں کہا گیا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت عمران خان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے مطابق اليکشن کمیشن خود مختار ادارہ ہے جو آئین کے تحت کام کرتا ہے، الیکشن کمیشن کرپٹ پریکٹس کی روک تھام کو یقینی بناتا ہے۔ سينيٹر اور ايم اين ايز الیکشن کمیشن میں اپنے گوشوارے سالانہ جمع کرواتے ہیں۔ عمران خان نے 2018 سے 2021 تک اپنے گوشوارے کمیشن میں جمع کروائے۔ جس پر ایڈیشنل جج نے سوال کیا کہ کیا ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کسی دباؤ پر تو بیان ریکارڈ نہیں کروا رہے؟، اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ نہیں! میرے مؤکل رضا مندی کے ساتھ اپنا بیان ریکارڈ کروا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین سینيٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کسی بھی رکن کے خلاف نااہلی کا ریفرنس بھیج سکتا ہے۔ اسپيکر نے عمران خان کی نااہلی کے خلاف 2 اگست کو ریفرنس بھیجا۔ الیکشن کمیشن کو کابینہ سیکریٹریٹ کے ذریعے توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات موصول ہوئیں۔ پس منظر قبل ازیں الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھیجوایا تھا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ ٹرائل کورٹ عمران خان پر کرپٹ پریکٹس کا ٹرائل کرے ،الیکشن کمیشن نے فیصلے میں عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا تھا۔ توشہ خانہ ریفرنس الیکشن ایکٹ کے سیکشن 137 ،170 ،167 کے تحت بھجوایا گیا تھا،جس میں استدعا کی گئی کہ عدالت شکایت منظور کرکے عمران خان کو سیکشن 167 اور 173 کے تحت سزا دے، جب کہ تین سال جیل اور جرمانہ کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عدالت میں جمع ریفرنس کی کاپی سما نے حاصل کرلی ہے۔ متن کے مطابق عمران خان پر بد دیانتی، غلط بیانی اورکرپٹ پریکٹس ثابت ہوئی۔ سربراہ تحریک انصاف نے تحائف خرید کر فروخت کو تسلیم کیا لیکن بینک اور کابینہ ریکارڈ میں آمدنی کو ظاہر نہیں کیا، جب کہ جان بوجھ کر گوشواروں میں آمدن کو چھپایا گیا۔
https://www.samaa.tv/news/40011234/islamabad-court-summons-imran-khan-today-in-toshakhana-reference

No comments:

Post a Comment